قومی قیادت اختلافات بھلا کر پاکستان کے استحکام کیلئے متحد ہو، مرکزی علماء کونسل جہلم

جہلم: مرکزی علماء کونسل جہلم نے ملک کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی، مذہبی اور قومی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر پاکستان کے امن، استحکام اور قومی سلامتی کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کریں۔

مرکزی علماء کونسل جہلم کے علماء کرام کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال قومی توجہ کی متقاضی ہے۔ بیان کے مطابق ایسے حالات میں تمام سیاسی و مذہبی قوتوں کو قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے باہمی اتحاد، افہام و تفہیم اور مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔

علماء کرام نے اپنے بیان میں ہنگو، تربت اور آزاد کشمیر کے حالیہ واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بقول ملک دشمن عناصر پاکستان میں بدامنی، انتشار اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لہٰذا قومی یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

بیان میں ایکشن کمیٹی کشمیر سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اپنے دھرنے کے حوالے سے ازسرِنو غور کرے اور معاملات کے حل کے لیے مذاکرات اور پرامن ذرائع اختیار کرے۔ علماء کرام نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کے درمیان تاریخی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات مضبوط ہیں اور انہیں برقرار رکھا جانا چاہیے۔

مرکزی علماء کونسل جہلم نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان جاری سیاسی بیان بازی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اختلافات کو میڈیا کے بجائے مذاکرات اور جمہوری طریقۂ کار کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے تاکہ قومی مفاد کو نقصان نہ پہنچے۔

بیان کے اختتام پر علماء کرام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مرکزی علماء کونسل پاکستان آئندہ بھی قومی یکجہتی، بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی، امن و استحکام اور پاکستان کی سلامتی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button