جہلم میں پرائیویٹ سکولز مالکان کی من مانیاں، سردیوں میں یونیفارم نہ پہننے پر جرمانے

جہلم: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی حکومت پنجاب کے احکامات پر عملدرآمد کروانے میں بری طرح ناکام ہو گئی۔ سیکشن آفیسر (ACAD-I) کے جاری کردہ مراسلہ نمبر SO(A-I) 1-31/2022 کو مذاق بنا دیا گیا۔
پرائیویٹ سکولز مالکان کی من مانیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں، جہاں سردیوں کے موسم میں اسکول یونیفارم، گرم جیکٹس اور جوتے نہ پہننے پر طلبہ و طالبات کو بھاری جرمانے کیے جا رہے ہیں۔ یہ سب اُس وقت ہو رہا ہے جب محکمہ تعلیم نے گزشتہ ماہ جاری کردہ احکامات میں سردیوں کے دوران اسکول وردی نہ پہننے کی اجازت دے رکھی تھی۔
زیرتعلیم بچوں کے والدین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور صوبائی وزیر تعلیم سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ سرکاری احکامات کی دھجیاں اڑانے والے اسکول مالکان اور ان کی پشت پناہی کرنے والے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے افسران کو بے نقاب کیا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومتی احکامات نہ ماننے والے اسکول مالکان کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کے اسکولز سیل کیے جائیں تاکہ حکومتی رٹ بحال ہو اور والدین کو مزید مالی اور ذہنی اذیت سے نجات مل سکے۔



