دینہ میں ون ویلنگ کرنے والے 5 نوجوان گرفتار، موٹر سائیکلیں قبضے میں لے لی گئیں

دینہ: پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ون ویلنگ جیسے خطرناک عمل میں ملوث پانچ نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں سرمد ملک ایس ایچ او تھانہ دینہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مؤثر حکمت عملی اپناتے ہوئے ون ویلنگ کر کے اپنی اور شہریوں کی جان خطرے میں ڈالنے والے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے زیر استعمال الٹر شدہ موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لے لی گئی ہیں اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
پولیس نے والدین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں ایسے خطرناک اور غیر قانونی کاموں سے باز رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔



