مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ دی، پرائس کنٹرول سسٹم ناکام، دکانداروں کی من مانیاں عروج پر

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں مہنگائی کی شرح میں تشویشناک اضافہ ہو گیا ہے، جس نے غریب، سفید پوش اور نادار طبقے کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں جبکہ دکانداروں نے سرکاری نرخ ناموں کو یکسر نظرانداز کرتے ہوئے اپنی مرضی کے ریٹس مقرر کر رکھے ہیں۔

صورتحال یہ ہے کہ پرائس کنٹرول کا نظام بری طرح ناکام نظر آتا ہے اور بازاروں میں کسی قسم کی نگرانی دکھائی نہیں دیتی۔ سبزی، پھل، آٹا، دالیں، گھی، چینی اور دیگر بنیادی اشیاء عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر دکاندار نے اپنی من مانی قیمتیں مقرر کر رکھی ہیں اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا کوئی خوف نہیں رہا۔ غریب عوام پہلے ہی بجلی، گیس اور دیگر بنیادی اخراجات کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اور اب روزانہ کی ضروریات پوری کرنا بھی ایک کڑا امتحان بن چکا ہے۔

صارفین اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے سنگین معاشرتی اور معاشی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

مذہبی، سماجی اور عوامی حلقوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور پرائس کنٹرول کے نظام کو فعال کیا جائے تاکہ عام آدمی کم از کم اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی مہیا کر سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button