سول سوسائٹی آرگنائزیشنز فورم جہلم کا اجلاس، بانی فورم نے مشترکہ کانفرنس کی اہمیت پر روشنی ڈالی

جہلم: سول سوسائٹی آرگنائزیشنز فورم جہلم کی مجلسِ عاملہ کا اجلاس سرمد اسپتال میں صدر فورم ڈاکٹر حفیظ الرحمن کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں فورم کے بانی و سرپرستِ اعلیٰ محمد غیاث بلبن نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت حافظ غلام مصطفیٰ نے حاصل کی۔ بعدازاں بانی فورم محمد غیاث بلبن نے 14 اکتوبر کو ہونے والی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور سول سوسائٹی فورم کی مشترکہ کانفرنس کی غرض و غایت اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ جہلم کو ماڈل سٹی بنانے کی جدوجہد میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ خوشگوار تعلقات کلیدی حیثیت رکھتے ہیں اور یہ کانفرنس ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔
اجلاس میں توصیف بیگ، ڈاکٹر ناہید کوثر، سید عدیل احمد، سجاد احمد، عشرت علی، ڈاکٹر اسد مرزا سمیت دیگر اراکین نے کانفرنس کی کامیابی کے لیے پرجوش خیالات کا اظہار کیا۔ اجلاس کے دوران شکیل سیٹھی کے بھتیجے اور پرویز کیانی کی ہمشیرہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی گئی۔
صدر فورم ڈاکٹر حفیظ الرحمن کی والدہ اور سینئر نائب صدر ملک اقبال اعوان کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعائیں کی گئیں۔ ملک اقبال اعوان کو حال ہی میں عمرہ کی ادائیگی پر مبارکباد بھی پیش کی گئی۔
روایتی مہمان نوازی کے طور پر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے شرکائے اجلاس کی پرتکلف چائے سے تواضع کی۔ اجلاس کے آخر میں میزبان کا شکریہ ادا کیا گیا اور حافظ غلام مصطفیٰ کی دعا کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔



