جہلم میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع، سینکڑوں تجاوزات کو ہٹا دیا گیا

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم اور ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی ہدایت پر میونسپل کمیٹی نے تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے، جس پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔
تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران سینکڑوں پختہ اور عارضی تجاوزات کو بھاری مشینری کی مدد سے ہٹا دیا گیا۔
یہ کارروائی ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صباء سحر اور سی او میونسپل کمیٹی مبارک علی خان کی نگرانی میں جاری ہے۔ میونسپل کمیٹی کے عملے نے تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھرپور انداز میں کام کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں آپریشن مکمل کیا۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر میثم عباس کا کہنا ہے کہ تجاوزات نے نہ صرف شہر کے حسن کو خراب کیا بلکہ ٹریفک کی روانی میں بھی بڑی رکاوٹ بن رہی ہیں۔ انہوں نے واضح ہدایت دی کہ تمام تجاوزات کرنے والے رضا کارانہ طور پر اپنی تجاوزات ہٹا لیں، ورنہ آپریشن کے دوران کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
شہریوں نے تجاوزات کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ آپریشن شہر کو صاف اور ٹریفک کے مسائل سے پاک کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
میونسپل کمیٹی نے عزم ظاہر کیا ہے کہ یہ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک شہر کو تجاوزات سے مکمل طور پر پاک نہیں کر دیا جاتا۔



