محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب نے مہمان آبی پرندوں کے موسم شکار کا باضابطہ اعلان کر دیا

جہلم: محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب نے مہمان آبی پرندوں کے شکار کے سیزن کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
جاری اعلامیہ کے مطابق یکم اکتوبر 2025 سے 31 مارچ 2026 تک آبی پرندوں خصوصاً مرغابیوں کے شکار کی اجازت ہوگی تاہم اس کے لیے سخت قواعد و ضوابط نافذ العمل ہوں گے۔
محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق شکار صرف ہفتہ اور اتوار کو ہی کیا جا سکے گا جبکہ اس کے لیے محکمہ سے مستند پرمٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ شکار پرمٹ صرف ایک دن کے لیے جاری کیا جائے گا جس کی فیس 500 روپے مقرر کی گئی ہے، اور یہ سہولت آن لائن بھی دستیاب ہوگی۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ پروٹیکٹڈ ایریاز میں ہر قسم کے شکار پر مکمل پابندی عائد ہوگی اور مقررہ تعداد سے زائد پرندوں کا شکار کرنا جرم تصور ہوگا۔ اسی طرح گاڑی میں سوار ہو کر شکار کرنے پر بھی سخت پابندی ہوگی۔
وائلڈ لائف حکام نے خبردار کیا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



