جہلم میں پولیس کا کریک ڈاؤن، بھاری جرمانے اور بغیر ہیلمٹ کئی موٹر سائیکل سوار گرفتار

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں ضلع جہلم میں ٹریفک قوانین پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت اور ڈی ایس پی ٹریفک خرم ستی کی زیر نگرانی ٹریفک پولیس کی خصوصی کارروائیاں گزشتہ چار دنوں سے جاری ہیں۔

اس دوران ضلع بھر میں سینکڑوں گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان کیا گیا اور ہزاروں روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے۔ خاص طور پر بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی، جن میں نہ صرف جرمانے کیے گئے بلکہ مقدمات بھی درج کیے گئے۔

ٹریفک پولیس کی یہ مہم عوام میں ٹریفک قوانین کی اہمیت اجاگر کرنے اور حادثات کی روک تھام کے لیے چلائی جا رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ قانون کی پابندی سب کے لیے لازمی ہے اور پولیس کی یہ کوششیں قابل تحسین ہیں۔

تاہم شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ ماحولیات بھی فعال اقدامات کرے، کیونکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور صنعتی یونٹس کی غیر ذمہ دارانہ سرگرمیوں کی وجہ سے صبح اور شام کے اوقات میں سموگ شروع ہو جاتی ہے، جو انسانی صحت کے لیے خطرناک ہے۔ شہریوں نے زور دیا کہ محکمہ ماحولیات فوری کارروائی کرے تاکہ عوام بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی بھی شہری یا ادارے کے لیے برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے یہ اقدامات مستقل جاری رہیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button