ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، سنیہ صافی

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر واسا کے ترقیاتی منصوبوں اور حالیہ بارشوں کے بعد نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے کی۔
اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا کاشان بٹ نے جاری ترقیاتی کاموں اور ہنگامی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
کاشان بٹ نے بتایا کہ بارشوں کے پیش نظر تمام ڈسپوزل اسٹیشنز مکمل استعداد کے ساتھ فعال ہیں جبکہ نشیبی علاقوں سے پانی کے فوری اخراج کے لیے ہیوی مشینری اور فیلڈ عملہ ہمہ وقت الرٹ ہے۔
سنیہ صافی نے اس موقع پر ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ مزید مؤثر بنائی جائے اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کے نظام میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کر کے شہر کے انفراسٹرکچر کو مستحکم بنایا جائے۔
اجلاس میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی فعالیت اور سیوریج لائنوں کی صفائی کے امور کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ فیلڈ میں خود نگرانی کریں تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



