سوہاوہ میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

سوہاوہ: یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے تحصیل بھر میں منعقد ہونے والی مختلف تقریبات کی قیادت کی۔
دن کا آغاز میونسپل کمیٹی (MC) سوہاوہ میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب سے ہوا، جہاں پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم لہرائے گئے۔ بعد ازاں کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک واکنگ ریلی نکالی گئی، جس میں سرکاری افسران، مقامی عمائدین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے گورنمنٹ کیپٹن حسنات ہائی سکول سوہاوہ میں منعقدہ خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر طلبہ نے ٹیبلوز، تقاریر اور ملی نغموں کے ذریعے تحریکِ آزادیِ کشمیر کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے طلبہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آزادی ہماری نسلِ نو کے ایمان کا حصہ ہے اور ہمیں ہر سطح پر اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کی آواز بننا ہوگا۔
اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایات پر تحصیل سوہاوہ کے تمام سرکاری اداروں اور سکولوں میں کشمیر ڈے بھرپور انداز میں منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرچم کشائی، ریلی اور تعلیمی پروگرامز اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہم کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
تقریب کے اختتام پر کشمیری شہداء کے درجات کی بلندی اور تحریکِ آزادیِ کشمیر کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔



