مدثر غفور گجر کا استعفیٰ؛ کانسٹیبل محکمہ کارروائی سے بچنے کیلئے سوشل میڈیا کا سہارا لے رہا ہے، ترجمان جہلم پولیس

جہلم: تھانہ سول لائنز کے سابق محرر کانسٹیبل مدثر غفور کے استعفیٰ دینے کا معاملہ، ترجمان جہلم پولیس کا موقف بھی سامنے آ گیا۔
ترجمان جہلم پولیس نے بی بی سی جہلم کو بتایا کہ کانسٹیبل مدثر غفور گجر 4 اپریل 2023 کو 10 دن میڈیکل ریسٹ پر روانہ ہوا جو دس دن میڈیکل ریسٹ گزارنے کے بعد آج تک بدستور 11 ماہ 28 دن سے اپنی نوکری سے غیر حاضر ہے۔ کانسٹیبل نے بدوں NOC بیرون ملک سفر بھی کیا جس کے خلاف غیر حاضری اور غیر پیشہ ورآنہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کی پاداش میں محکمانہ انکوائریز مکمل ہو چکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کانسٹیبل مدثر غفور گجر محکمانہ کارروائی سے بچنے کے لئےسوشل میڈیا کا سہارا لے رہا ہےجو بھی محکمانہ ڈسپلن کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ کانسٹیبل مدثر کو خلاف ضابطہ سرگرمیوں کے باوجود ذاتی شنوائی کا موقع دینے کے لئے متعدد بار اردل روم کے لئے طلب کیا گیا ہے جو باوجود اطلاعیابی حاضر نہ آرہا ہے۔
ترجمان جہلم پولیس نے بتایا کہ کانسٹیبل مدثر غفور کو غیر حاضری اور خلاف ضابطہ افعال کے الزامات کے دفاع کے لئے بھر پور موقع دیا جا رہا ہے اور اس سلسلہ میں انصاف کے تمام تر تقاضے پورے کئے جائیں گے۔
یاد رہے کہ ڈی پی او جہلم کے رویہ سے تنگ تھانہ سول لائن کے سابق محرر کانسٹیبل مدثر غفور گجر نے نوکری سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
کانسٹیبل مدثر غفور گجر نے آئی جی پنجاب کو بھیجے گئے استعفیٰ میں وجوہات بیان کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کرپٹ ،بزدل اور کریک انسان ،اچھے دماغی ڈاکٹر سے معائینہ ضروری،ماتحت عملے کو نیک کام سے روکتا گناہ کی طرف آمادہ کرتاہے، مجھے عمرہ کی ادائیگی کے لیے جانے کی چھٹی نہ دی۔ ڈی پی او ماتحت افسران اور عملے کے ساتھ ہتک اور تضحیک آمیز رویہ اختیار کرتا ہے۔ ناصر باجوہ کی جہلم تعیناتی سے کرپشن اور جرائم کی شرح میں اضافہ بے پناہ اضافہ ہوا۔



