ڈپٹی کمشنر جہلم کا فلٹر کلینک اور ای اینڈ ڈی سینٹر کا دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ لیا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے شہر میں طبی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے فلٹر کلینک بلال ٹاؤن اور ای اینڈ ڈی سینٹر شاندار چوک کا دورہ کیا، شہریوں سے علاج معالجے کی سہولیات پر تبادلہ خیال اور عملے سے دستیاب طبی خدمات کی معلومات حاصل کیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم نے شہریوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا معائنہ کرنے کے لیے فلٹر ہیلتھ کلینک بلال ٹاؤن اور ای اینڈ ڈی سینٹر شاندار چوک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے صحت کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور عملے سے مراکز میں دستیاب طبی خدمات اور ادویات کے حوالے سے تفصیلات حاصل کیں۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور تمام طبی مراکز کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ تمام فلٹر کلینکس اور طبی مراکز میں جدید ترین مشینری اور ادویات بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو علاج کی بہترین سہولتیں میسر آ سکیں۔
انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ ان سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اگر کسی بھی قسم کی شکایت ہو تو متعلقہ افسران یا ڈپٹی کمشنر آفس میں رپورٹ کریں تاکہ فوری طور پر مسائل کا ازالہ کیا جا سکے۔



