سوہاوہ میں 14 سالہ لڑکے سمیت 3 افراد کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار

سوہاوہ : ڈومیلی کے نواحی علاقہ میں 14 سالہ لڑکے سمیت تین افراد کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والے مرکزی ملزم کو ڈومیلی پولیس نے گرفتار کر لیا، ملزم سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے تھانہ ڈومیلی کے علاقہ رسیلہ کلاں میں 14 سالہ لڑکے سمیت تین افراد کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والے مرکزی ملزم جاوید کو ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی محمد افضل اور ٹیم نے ہیومن انٹیلی جنس سمیت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اڑھائی ماہ کے بعد گرفتار کر کے ملزم سے آلہ قتل پسٹل 30بور معہ ایمونیشن برآمد کر لی۔
رواں سال جون میں جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے تھانہ ڈومیلی کے علاقہ رسیلہ کلاں میں دوگروپوں میں خونی تصادم کے نتیجے میں ملزم جاوید ولد محبوب نے 6 ملزمان کے ساتھ مل کر فائرنگ کر کے 14سالہ غضنفر ولد محمد عادل،75سالہ محمود ولد اصغر اور 50سالہ گل عمر ولد سردار کو قتل کر دیا تھا۔
واقعہ کا آئی جی پنجاب پولیس نے نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کی تھی جبکہ ڈی پی او جہلم نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے جائے وقوعہ اور ٹی ایچ کیو ہسپتال سوہاوہ کا دورہ کیا تھا، انہوں نے مقتولین کے لواحقین سے ملاقات کی اور انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی تھی۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



