جہلم میں چار روز بعد راستے کھلنے لگے، دریائے جہلم کے پلوں سے رکاوٹیں ہٹانے کا عمل جاری

جہلم میں چار روز تک سڑکوں اور پلوں کی بندش کے بعد شہریوں کے لیے امد و رفت جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔ انتظامیہ نے دریائے جہلم کے دونوں پلوں پر لگائی گئی رکاوٹوں کو ہٹانے کے لیے ہیوی مشینری موقع پر پہنچا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم میں تحریک لبیک پاکستان (TLP) کے ممکنہ احتجاج کے پیشِ نظر بند کیے گئے راستے اور پل چار روز بعد جزوی طور پر کھولنا شروع کر دیے گئے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق دریائے جہلم کے دونوں پلوں پر قائم رکاوٹوں کو ہٹانے کے لیے ہیوی مشینری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ ریلوے پل کو مکمل طور پر ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ریلوے پل کو مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے اور ٹریفک بحال کر دی گئی ہے جبکہ جی ٹی روڈ دونوں پلوں پر بیریئرز اور کنٹینرز ہٹانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔

چار روز تک راستے بند رہنے سے پٹرول، اشیائے خوردونوش اور ادویات کی قلت پیدا ہو گئی تھی، جس کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق آج شام تک دریائے جہلم کے دونوں پلوں کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا جائے گا اور ہر قسم کی ٹریفک کے لیے آمد و رفت بحال کر دی جائے گی۔

انتظامیہ کے مطابق ضلع بھر میں دفعہ 144 تاحال نافذ العمل ہے، جس کے تحت ہر قسم کے سیاسی یا مذہبی اجتماع، ریلی اور احتجاج پر مکمل پابندی عائد ہے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے بتایا کہ “شہریوں کو درپیش مشکلات کا مکمل ادراک ہے، اسی لیے تمام محکمے مشترکہ طور پر رکاوٹیں ہٹانے کے کام میں مصروف ہیں تاکہ معمولات زندگی جلد از جلد بحال کیے جا سکیں۔”

دوسری جانب پولیس کی بھاری نفری بدستور پلوں اور اہم چوراہوں پر تعینات ہے تاکہ ٹریفک بحالی کے عمل کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button