معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر جہلم میں 10 روزہ تقریبات کا آغاز

جہلم: ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر ضلع بھر میں 10 روزہ تقریبات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جو مختلف مراحل میں منعقد کی جائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ان تقریبات کے دوران ضلع کی چاروں تحصیلوں میں پاک فوج سے یکجہتی کے لیے ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ شمعیں روشن کرنے کی خصوصی تقاریب بھی منعقد ہوں گی۔
شیڈول کے مطابق 4 مئی سے 7 مئی تک تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں خصوصی تقریبات، تقاریر، سیمینارز اور ٹیبلوز کا انعقاد کیا جائے گا، جن کا مقصد طلبہ میں حب الوطنی کا جذبہ اجاگر کرنا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ان تقریبات کا بنیادی مقصد قومی اتحاد کو فروغ دینا، افواجِ پاکستان کی کامیابیوں کو اجاگر کرنا اور پوری قوم میں یکجہتی کے جذبے کو مزید مضبوط بنانا ہے تاکہ مستقبل میں بھی ملک و قوم کے دفاع کے لیے سب یکجان رہیں۔
اسی سلسلے میں دس روزہ تقریبات کے اختتام پر ضلعی سطح پر ایک مرکزی پروگرام بھی منعقد کیا جائے گا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔



