جہلم میں خسرہ اور روبیلا کے خلاف 12 روزہ حفاظتی مہم کا باقاعدہ آغاز

جہلم میں پنجاب بھر کی طرح خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی 12 روزہ مہم باضابطہ طور پر 17 نومبر سے شروع کر دی گئی ہے۔
ترجمان محکمہ صحت نے بتایا کہ اس مہم کے دوران ضلع بھر میں چھ ماہ سے پانچ سال تک عمر کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔
ترجمان نے کہا کہ بچوں تک زیادہ سے زیادہ رسائی اور مؤثر کوریج کے لیے تمام سرکاری اسپتالوں، سکولز، کالجز اور دیگر اہم مقامات پر آگاہی فراہم کی جائے گی۔ حفاظتی ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو ٹیکے لگائیں گی تاکہ ہر بچے تک حفاظتی اقدامات پہنچ سکیں۔
محکمہ صحت پنجاب کی ہدایات کے مطابق یہ مہم جہلم سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں یکساں انداز میں جاری رہے گی۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو لازمی حفاظتی ٹیکے لگوائیں اور ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ آنے والی نسل کو مہلک بیماریوں سے محفوظ بنایا جا سکے۔



