فلاح انسانیت اور سماجی بہتری کے لیے رضاکاروں کی خدمات قابل تحسین ہیں، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا ہے کہ فلاح انسانیت اور معاشرتی بہتری کے لیے کام کرنے والے تمام رضاکاران قابل تحسین ہیں۔ ضلع جہلم میں صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں سماجی تنظیموں کی خدمات کو سراہتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے ضلع جہلم کی نمایاں سماجی تنظیموں کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں نور ویلفیئر ٹرسٹ، انجمن بہبودی مریضان، کیئر ٹیکرز جہلم، رحمت فاؤنڈیشن، عاصمہ ون ٹو ون سینٹر، فیض ٹرسٹ، خیر الناس جادہ، المرکز جہلم سمیت دیگر سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ معاشرے کے ضرورت مند افراد کی بلا تفریق رجسٹریشن پنجاب حکومت کے سوشو اکنامک پروگرام کے تحت جاری ہے، جس میں سماجی تنظیموں کا کردار نہایت اہم ہے۔ تمام سماجی تنظیمیں اس حوالے سے شہریوں کی رجسٹریشن یقینی بنائیں کیونکہ پندرہ فروری تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کو رجسٹر کریں تاکہ وہ حکومت پنجاب کے سماجی و فلاحی منصوبوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔



