ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس، ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

جہلم: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جہلم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، دستیابی اور مقررہ نرخوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ، طلب و رسد کی صورتحال اور عوام کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی سے متعلق امور پر تفصیل سے غور کیا گیا۔ اس موقع پر واضح ہدایات جاری کی گئیں کہ سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی نگرانی مزید مؤثر بنائیں، بازاروں کے باقاعدہ دورے کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا تاخیر ایکشن لیا جائے۔
اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی اور قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے مختلف تجاویز اور حکمت عملیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مہنگائی پر قابو پانے اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے ضلعی انتظامیہ بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔



