کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی ہے، ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری

سوہاوہ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کی جانب سے تھانہ ڈومیلی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ڈی پی او جہلم نے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کی درخواستوں پر فوری حل کے احکامات جاری کیے۔
ڈی پی او جہلم نے کھلی کچہری میں آنے والے شرکاء کو بچوں اور بچیوں کی ہراسگی سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے بریفنگ بھی دی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کم کرنا اور بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت کوشاں ہے اور شہریوں کے تعاون سے ہی جرائم کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
بعد ازاں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کی زیر صدارت تھانہ سوہاوہ میں تفتیشی افسران کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی ایس پی سوہاوہ سرکل، ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ اور دیگر تفتیشی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران زیر تفتیش مقدمات کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈی پی او جہلم نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام مقدمات کو میرٹ پر یکسو کیا جائے اور تفتیش کے معیار کو ہر صورت بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سائلین اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، صبر و تحمل اور خوش اسلوبی سے پیش آیا جائے کیونکہ تھانہ عوام کی خدمت کا مرکز ہے۔
اس سے قبل ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے تھانہ ڈومیلی اور تھانہ سوہاوہ کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے تھانہ کی عمارت، فرنٹ ڈیسک، حوالات، ریکارڈ روم اور دیگر شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے سیکیورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایات جاری کیں۔
وزٹ کے دوران ڈی پی او جہلم نے موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر افسران کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ حساس مقامات، عبادت گاہوں اور اہم تنصیبات پر گشت بڑھایا جائے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔
ڈی پی او جہلم نے پولیس خدمت مرکز سوہاوہ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے دفتر کے ریکارڈ اور عمارت کا جائزہ لیا اور عملے کو ہدایت کی کہ شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فارمیشنز کی کارکردگی جانچنے کے لیے سرپرائز وزٹس کا سلسلہ جاری رہے گا۔



