جہلم میں ون ویلنگ اور غفلت سے موٹرسائیکل چلانے والا نوجوان گرفتار

جہلم: تھانہ سٹی پولیس نے شاہراہِ عام پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے خطرناک ون ویلنگ اور غفلت سے موٹرسائیکل چلانے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نہ صرف اپنی جان کو خطرے میں ڈال رہا تھا بلکہ دیگر شہریوں اور راہگیروں کی جان و مال کے لیے بھی سنگین خطرے کا باعث بن رہا تھا۔
پولیس نے موقع پر فوری ایکشن لیتے ہوئے موٹرسائیکل کو قبضے میں لے لیا جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈی پی او جہلم نے واضح کیا ہے کہ شہر کی سڑکوں پر خطرناک کرتب دکھانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور ایسے قانون شکن عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
جہلم پولیس نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں ون ویلنگ اور خطرناک کرتب جیسے مہلک شوق سے باز رکھیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔



