محکمہ داخلہ پنجاب نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر سکیورٹی کیلئے ہدایات جاری کر دیں

جہلم: حکومت پنجاب نے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر سیکیورٹی کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال، وال چاکنگ، نفرت انگیز تقاریر اور ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
جلوس، محافل اور عوامی اجتماعات کی سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ بڑے اجتماعات کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹر کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔
حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ مقررین کسی بھی فرقے کے خلاف اشتعال انگیز یا قابل اعتراض تقریریں نہیں کریں گے۔
جلوس کے راستوں سے ملبہ اور تعمیراتی سامان ہٹانے، چھتوں پر پولیس کی تعیناتی اور حساس مقامات پر اضافی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو سیف سٹی سسٹم سے منسلک ہوں گے۔ مزید برآں آتشیں اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش پر سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
صوبہ بھر کے تمام شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔



