پنڈدادنخان اور کھیوڑہ میں تجاوزات کی بھرمار، پورا شہر پارکنگ میں تبدیل، شہریوں کا پیدل چلنا محال

پنڈدادنخان اور کھیوڑہ میں تجاوزات کی بھرمار، شام ہوتے ہی پورا شہر پارکنگ میں تبدیل، مین سڑک کے اطراف پر ٹریکٹر ٹرالیوں اور ریڑھی بانوں کا قبضہ، معمول ٹریفک کی روانی متاثر، پیدل چلنا محال ہوگیا، انتظامیہ کی جانب سے منتھلیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں تجاوزات کی بھرمار ہے۔ پنڈدادنخان، کھیوڑہ، دھریالہ جالپ اور پنن وال سمیت متعدد علاقوں میں تجاوزات مافیا نے پنجے گاڑھ لیے۔ گلیاں اور بازار سکڑ گئے، مین سڑکوں کے اطراف پر گاڑیاں کھڑی کرنا اور ٹھیلے لگانا معمول بن گیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے جبکہ حادثات بھی رونما ہوتے ہیں۔
تجاوزات کے باعث پیدل چلنے والوں کو بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کھیوڑہ میونسپل کمیٹی سے لے کر پولیس چوکی کھیوڑہ تک مین روڈ کے اطراف پر شام ہوتے ہی ٹریکٹر ٹرالیوں والے اپنی گاڑیاں کھڑی کرکے گھر چلے جاتے ہیں جس کے باعث کئی کئی گھنٹے ٹریفک جام رہتی ہے جبکہ شہر میں بنائے فٹ پاتھوں پر بھی ریڑھی بانوں نے قبضہ جمایا ہوتا ہے۔
باوثوق ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مقامی انتظامیہ ٹھیلے والوں سے منتھلیاں لیتی ہے، نشاندہی کے باوجود بھی کارروائی نہیں کی جاتی۔ عوامی سماجی حلقوں نے اعلی حکام سمیت نئی تعینات ہونے والی اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان سے اپیل کی ہے کہ تجاوزات کو ختم کروایا جائے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



