پنڈدادنخان کے فوجی فاؤنڈیشن اسکول میں افسوسناک واقعہ، دورانِ ڈیوٹی چوکیدار جاں بحق

پنڈدادنخان: فوجی فاؤنڈیشن اسکول پنڈدادنخان میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دورانِ ڈیوٹی چوکیدار دلشاد ولد محمد اکبر ساکن بالا کہار تحصیل کلرکہار اچانک وفات پا گئے۔
مرحوم دلشاد رات کی شفٹ میں اکیلے ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے کہ جب صبح دوسرا چوکیدار موقع پر پہنچا تو دلشاد کو زمین پر گرا ہوا پایا۔ فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی گئی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر ان کی لاش کو سول ہسپتال پنڈدادنخان منتقل کیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دلشاد کی موت کئی گھنٹے پہلے واقع ہو چکی تھی جبکہ ان کے بازو پر چوٹ کے نشانات بھی پائے گئے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ممکنہ طور پر گرنے سے وہ زخمی ہوئے اور مدد نہ ملنے کی وجہ سے جانبر نہ ہو سکے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کی موت ہارٹ اٹیک یا کسی اور طبی مسئلے کے باعث ہوئی، تاہم حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی۔
واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ حلقوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ رات کی شفٹ میں تنہا ڈیوٹی پر مامور کرنے کے عمل پر نظرِ ثانی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔ یہ واقعہ اداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے اور حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔



