ریسکیو 1122 جہلم کی ماہ مئی کی کارکردگی رپورٹ جاری، 2377 افراد کو ریسکیو کیا گیا

جہلم: ریسکیو 1122 جہلم نے ماہ مئی 2025 میں اپنی خدمات کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 2377 افراد کو بروقت ریسکیو کیا جبکہ 1521 مریضوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 جہلم انجینئر سعید احمد نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں ماہانہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق مئی 2025 کے دوران ریسکیو 1122 جہلم کو مجموعی طور پر 2390 ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں، جن میں 361 روڈ ٹریفک حادثات، 1626 میڈیکل ایمرجنسیز، 46 آتشزدگی کے واقعات، 34 کرائم ریلیٹڈ کیسز، 4 ڈوبنے کے واقعات، 5 عمارتیں گرنے کے حادثات اور 314 متفرق ایمرجنسیز شامل تھیں۔

ماہ مئی کے دوران مختلف حادثات اور ایمرجنسیز میں مجموعی طور پر 99 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، جن میں اکثریت میڈیکل ایمرجنسیز کی تھی، جب کہ 9 افراد ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہوئے۔

ریسکیو 1122 جہلم نے بہترین رسپانس ٹائم کی روایت برقرار رکھتے ہوئے اوسطاً 7.8 منٹ میں ایمرجنسی رسپانس دیا، جو کہ ادارے کی چابک دستی اور مستعدی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر دریائے جہلم پر فرضی مشقوں کا انعقاد بھی کیا گیا تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل یقینی بنایا جا سکے۔

کمیونٹی سیفٹی پروگرام کے تحت ضلع بھر میں 4978 طلباء اور شہریوں کو سکولز، کالجز، مدارس، مساجد اور مختلف اداروں میں ہنگامی انخلاء، ابتدائی طبی امداد (فرسٹ ایڈ) اور فائر سیفٹی سے متعلق تربیت فراہم کی گئی۔ یونین کونسل سطح پر کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں کی تشکیل کا عمل بھی جاری ہے، جب کہ اسکاؤٹس کے لیے CADRE ٹریننگ سیشنز کا انعقاد بھی کیا گیا۔

علاوہ ازیں پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے تحت ضلع جہلم سے 96 مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کے لیے راولپنڈی، اسلام آباد اور سرگودھا کے بڑے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے اس موقع پر کہا کہ ریسکیو 1122 جہلم کی ٹیم ہر وقت آفات سے نبرد آزما ہونے کے لیے تیار ہے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال میں بروقت اور معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو اہلکار عوامی جان و مال کی حفاظت کو اپنا اولین فرض سمجھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button