جہلم پولیس کا ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی، 196 افراد کی چیکنگ

جہلم: دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور سماج دشمن افراد کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے جہلم پولیس نے ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی کا آغاز کر دیا۔ ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر کیے جانے والے ان آپریشنز کا مقصد عوامی تحفظ کو یقینی بنانا اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ضلع کے مختلف علاقوں میں 6 مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 196 مشتبہ افراد کی جانچ پڑتال کی گئی۔ آپریشنز کے دوران شہریوں کی پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے تصدیق (ویری فکیشن) کی گئی تاکہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مؤثر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندی کی گئی، جہاں پولیس اہلکاروں نے گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور مشتبہ افراد کی مکمل چیکنگ کی۔ ان سرچ آپریشنز کا مقصد نہ صرف مجرمان اشتہاریوں، جرائم پیشہ افراد اور منشیات فروشوں کی گرفتاری ہے بلکہ ناجائز اسلحہ، منشیات کی برآمدگی اور شرپسند عناصر کی سرگرمیوں کی روک تھام بھی شامل ہے۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کا کہنا تھا کہ پولیس فورس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت مستعد ہے اور جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے ایسے سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مشتبہ سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ مشترکہ کوششوں سے معاشرے کو محفوظ بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button