پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاری، یونین کونسلز کی حلقہ بندیوں کا عمل شروع

جہلم: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئینِ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آرٹیکل 222، الیکشنز ایکٹ 2017، پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 اور متعلقہ قواعد کے تحت صوبہ پنجاب میں یونین کونسلز کی نئی حلقہ بندیوں کا عمل باضابطہ طور پر شروع کر دیا ہے، جس کے لیے تفصیلی شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق تمام انتظامی اقدامات، بشمول نقشہ جات کی فراہمی، حدود کی نشاندہی، فارموں کی طباعت، 44 سہہ رکنی حلقہ بندی کمیٹیوں اور 11 حلقہ بندی اتھارٹیز کی تعیناتی، 16 اپریل 2026 تک مکمل کر لی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے متعلقہ افسران کی تربیت کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، جن کے تحت باقاعدہ ٹریننگ سیشنز منعقد کیے گئے تاکہ افسران کو قانونی تقاضوں، طریقہ کار اور تکنیکی پہلوؤں سے مکمل آگاہی فراہم کی جا سکے اور حلقہ بندی کا عمل شفاف اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
شیڈول کے مطابق حلقہ بندی کمیٹیوں نے ابتدائی حلقہ بندیوں کی تیاری کا آغاز 20 اپریل 2026 سے کر دیا ہے جو 21 مئی 2026 تک جاری رہے گا، جبکہ ابتدائی فہرست 25 مئی 2026 کو شائع کی جائے گی۔
عوام کو اپنے اعتراضات جمع کروانے کے لیے 26 مئی سے 23 جون 2026 تک (عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے علاوہ) کا وقت دیا گیا ہے، جبکہ ان اعتراضات پر فیصلے 22 جولائی 2026 تک (عاشورہ کی تعطیلات کے علاوہ) مکمل کیے جائیں گے۔ فیصلوں کی ترسیل 4 اگست 2026 تک کی جائے گی اور حتمی حلقہ بندیوں کی فہرست 10 اگست 2026 کو جاری کی جائے گی۔
مزید برآں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقہ بندی کے عمل کے دوران صوبہ بھر میں موجود تمام انتظامی یونٹس کی حدود میں کسی بھی قسم کی تبدیلی پر فوری پابندی عائد کر دی ہے تاکہ عمل کو شفاف، منظم اور بلا تعطل جاری رکھا جا سکے۔
ہدایت کے مطابق اضلاع، تحصیلیں، ٹاؤن کارپوریشنز، میونسپل کارپوریشنز، میونسپل کمیٹیز اور تحصیل کونسلوں کی موجودہ حدود تا حکمِ ثانی برقرار رہیں گی اور حلقہ بندی کے عمل کی تکمیل تک کسی قسم کے ردوبدل کی اجازت نہیں ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ ٹائم لائن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور حلقہ بندی کے عمل میں شفافیت، غیر جانبداری اور قانون کی مکمل پاسداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔



