پنڈدادنخان میں مبینہ پولیس مقابلہ، موٹرسائیکل چوری میں ملوث زیر حراست ملزم زخمی

پنڈدادنخان میں مبینہ پولیس مقابلے میں موٹرسائیکل چوری میں ملوث زیر حراست ملزم زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے تھانہ للِہ کی حدود میں پولیس پارٹی پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے واقعے میں جوابی کارروائی کے دوران زیرِ حراست ایک ملزم زخمی ہو گیا جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سب انسپکٹر ابوبکر جاوید پولیس نفری کے ہمراہ دو زیرِ حراست ملزمان محمد منظر ولد مظہر اقبال سکنہ للِہ ہندوانہ اور فخر عباس ولد محمد افضل سکنہ ڈھوک چاہب کو مقدمات میں مالِ مسروقہ کی برآمدگی کے لیے لے جا رہے تھے کہ اسی دوران کچہ راستہ ڈھوک برج کے قریب 3 سے 4 نامعلوم مسلح افراد نے اچانک پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس نے فوری طور پر گاڑی کی اوٹ لے کر حقِ دفاع میں جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ رکنے کے بعد سرچ کے دوران زیرِ حراست ملزم محمد منظر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں پایا گیا، جسے فوری طور پر رورل ہیلتھ سینٹر للِہ منتقل کر دیا گیا جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد ایس ایچ او تھانہ للِہ اور ایس ڈی پی او سرکل پنڈدادنخان کی نگرانی میں علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور حملہ آور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملوث افراد کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔



