جہلم میں توانائی بچت پالیسی پر عملدرآمد کے لیے فلیگ مارچ، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا اعلان

جہلم: حکومتِ پنجاب کی جانب سے توانائی کے مؤثر استعمال اور کفایت شعاری کے لیے جاری کردہ نئے کاروباری اوقاتِ کار پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر شہر بھر میں فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔

فلیگ مارچ میں اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف، ڈی ایس پی سٹی سرکل محمد اکرم، ایس ایچ او سول لائنز راجہ عمران، ایس ڈی او شاہد سمیت پولیس اور پیرا فورس کے جوانوں نے شرکت کی۔ مارچ سول لائن روڈ، مین بازار، تحصیل روڈ اور چوک اہلحدیث سمیت اہم شاہراہوں سے گزرا، جہاں تاجروں اور شہریوں کو نئے ضوابط سے آگاہ کیا گیا۔

انتظامیہ کے مطابق تمام دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز بشمول ہفتہ و اتوار رات 8:00 بجے بند کرنا لازمی ہوگا، جبکہ ہوٹلز، ریسٹورنٹس، بینکوئٹس اور شادی ہالز کو رات 10:00 بجے تک محدود کر دیا گیا ہے۔ تاہم ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔

اسسٹنٹ کمشنر آفتاب اشرف نے وضاحت کی کہ میڈیکل اسٹورز، ہسپتال، لیبارٹریز، پٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز، تندور، بیکریز اور دودھ کی دکانیں ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گی۔ تاہم مقررہ اوقات کے بعد کسی بھی ہوٹل یا ریسٹورنٹ میں بیٹھ کر کھانے (ڈائن اِن) کی اجازت نہیں ہوگی۔

فلیگ مارچ کے دوران مختلف مقامات پر ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا اور خلاف ورزی کرنے والوں کو حتمی وارننگ جاری کی گئی، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے متعدد دکانوں کو نوٹسز جاری کیے اور کئی دکانیں سیل بھی کی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ہدایت کی کہ قومی مفاد میں ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہ کی جائے۔ انہوں نے شہریوں اور تاجروں سے اپیل کی کہ وہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے حکومتی اقدامات میں بھرپور تعاون کریں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات توانائی بچت، نظم و ضبط کے قیام اور قومی وسائل کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہیں، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button