سوہاوہ کے برساتی نالے میں رکشہ بہنے سے 2 افراد جاں بحق، غفلت برتنے والا ڈرائیور گرفتار

سوہاوہ میں برساتی نالے میں رکشہ بہنے سے دو افراد کے جاں بحق ہونے کا واقعہ، غفلت برتنے والا ڈرائیور گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ڈومیلی کے نواحی علاقہ میں 26 جون کو پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں دو قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں جب ایک لوڈر رکشہ برساتی نالے میں بہہ گیا۔ تھانہ ڈومیلی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔
@jhelumupdates جہلم میں برساتی نالے میں رکشہ بہنے کا واقعہ، غفلت برتنے والا رکشہ ڈرائیور پکڑا گیا #JhelumUpdates #LatestNews #fyp #breakingnews #foryoupagе #viralvideos #rain #sohawa #domeli #gujrat ♬ original sound – Jhelum Updates
پولیس کے مطابق رکشہ ڈرائیور یاسر نے شدید بارش کے باعث بھرے ہوئے برساتی نالے سے غفلت اور لاپرواہی کے ساتھ رکشہ گزارنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں رکشہ پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا۔ اس حادثے میں دو افراد 60 سالہ عارف اور 40 سالہ بوٹا ڈوب کر جاں بحق ہو گئے جبکہ چھ افراد نے تیر کر جان بچائی۔
ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی اور ان کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم یاسر کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کی بنیاد پر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایت پر پولیس نے قلیل وقت میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق، اس قسم کی غفلت نہ صرف مجرمانہ ہے بلکہ انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتی ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔



