حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کا تیسرا آر او پلانٹ جہلم کی پروفیسر کالونی میں نصب

جہلم: حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے سلسلے میں ایک اور بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔ سوسائٹی کے تیسرے آر او پلانٹ کی پروفیسر کالونی میں دعائے خیر کر دی گئی، جس کے بعد بلال ٹاؤن سے لے کر پیرا غیب تک کے مکینوں کو معیاری ترین صدقہ جاریہ کی سہولت دستیاب ہو گی۔
پروفیسر کالونی کے زیر زمین پانی میں ٹی ڈی ایس (ٹوٹل ڈیزالوڈ سالڈز) کی مقدار 1000 ملی گرام فی لیٹر سے زائد تھی، جو انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔ نئے آر او پلانٹ کی تنصیب کے بعد شہریوں کو 220 ٹی ڈی ایس کا حامل، منرل واٹر کے معیار کا صاف و تازہ پانی فراہم ہوگا۔
حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی پہلے ہی فلٹر پلانٹس اور سینکڑوں منصوبوں کے ذریعے جہلم کے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کے منصوبے مکمل کر چکی ہے۔ سوسائٹی نے مسجد انتظامیہ کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آر او پلانٹ مہنگا ضرور ہے لیکن یہ جدید اور مؤثر ذریعہ ہے جو سمندری پانی کو بھی پینے کے قابل بنا سکتا ہے۔
تقریب میں صدر چیمبر آف کامرس حاجی زاہد حسین بٹ، محمد صفدر سیٹھی (انارکلی فیبرکس)، عبدالغفور چوہان، پروفیسر سہیل احمد، شیخ احسن، شیخ عبدالصمد اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کے نمائندوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی جہلم کے عوام کو معیاری پینے کے پانی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ شہری پانی سے پھیلنے والی بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔



