جہلم میں ڈومیلی موڑ پر تین اے این ایف اہلکاروں کو شہید کرنے والے مجرم کو 9 بارعمر قید کی سزا

جہلم میں ڈومیلی موڑ پر تین اے این ایف اہلکاروں کو شہید کرنے والے مجرم کو 9 بارعمر قید کی سزا سنا دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقے ڈومیلی موڑ پر اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے تین اہلکاروں کو شہید کرنے کے کیس کا فیصلہ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سنا دیا ہے۔

عدالت نے مرکزی ملزم سید عابد علی شاہ کو تین دفعات کے تحت مجرم قرار دیتے ہوئے مجموعی طور پر نو بار عمر قید کی سزا سنائی ہے جبکہ شریک ملزم شہزاد اقبال کو عدم ثبوت کی بنیاد پر بری کر دیا گیا ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق سید عابد علی شاہ کو شہید ہونے کی دفعہ کے تحت تین بار، انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 اے اور 7 بی کے تحت بھی تین، تین بار عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ مجرم پر دو لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے، جس کی عدم ادائیگی کی صورت میں اسے مزید چھ ماہ قید کاٹنا ہو گی۔

عدالت نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ شہید اہلکاروں کے ورثاء کو فی کس دس لاکھ روپے ہرجانے کے طور پر ادا کیے جائیں، بصورت دیگر مجرم کو مزید چھ ماہ قید کی سزا بھگتنا ہو گی۔ اس کے ساتھ ہی ملزم کی تمام منقولہ و غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کے احکامات بھی صادر کیے گئے ہیں۔

یہ اندوہناک واقعہ گزشتہ برس 12 جون کو تھانہ دینہ کی حدود میں پیش آیا تھا جب ترکی ٹول پلازہ کے قریب اے این ایف اہلکاروں نے منشیات کی اسمگلنگ کی اطلاع پر ایک مشتبہ گاڑی کو روکنے کی کوشش کی۔ ڈومیلی موڑ کے قریب گاڑی میں سوار ملزمان نے فوراً فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل گلزار، لانس نائیک مظہر حسین اور ذیشان موقع پر شہید ہو گئے۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے تھے۔

واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چھ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا، جن میں سے چار ملزمان سید عابد علی شاہ، قاسم علی شاہ، سید بلال حیدر اور شہزاد اقبال کو گرفتار کر لیا گیا۔ بعد ازاں دورانِ تفتیش جب پولیس نے قاسم علی شاہ اور سید بلال حیدر کو اسلحہ کی برآمدگی کے لیے لے جانا چاہا، تو ان کے ساتھیوں نے پولیس پر حملہ کر دیا۔ اس فائرنگ کے نتیجے میں دونوں گرفتار ملزمان ہلاک ہو گئے۔

دوسری جانب دو ملزمان سید عامر عباس اور جوہر عباس تاحال مفرور ہیں اور عدالت نے انہیں اشتہاری قرار دے رکھا ہے۔ پولیس ان کی گرفتاری کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ ان تمام ملزمان کا تعلق ضلع گجرات سے بتایا جاتا ہے۔

اے این ایف کے شہید ہونے والے جوانوں کی نمازِ جنازہ جہلم میں ادا کی گئی تھی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی تھی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button