عیدالفطر؛ اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر کا ٹی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، مریضوں و عملے میں مٹھائی تقسیم کی

سوہاوہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال سوہاوہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عید الفطر کے موقع پر طبی انتظامات کا جائزہ لیا اور مریضوں سمیت عملے میں مٹھائی تقسیم کی۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے ہسپتال کی ایمرجنسی اور مختلف وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا اور زیرِ علاج مریضوں کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت جاری کی کہ عید کی تعطیلات کے دوران ڈاکٹروں، نرسز اور دیگر طبی عملے کی مکمل حاضری یقینی بنائی جائے جبکہ ادویات کی بلا تعطل فراہمی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے تاکہ مریضوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
اس موقع پر انہوں نے عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے زیرِ علاج مریضوں، ان کے لواحقین، ڈاکٹروں اور ڈیوٹی پر موجود عملے میں مٹھائی تقسیم کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔
اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر کا کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت اور بیماروں کی دلجوئی ہی عید کا اصل پیغام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کے وژن کے مطابق تحصیل سوہاوہ کے عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔



