جہلم شہر میں ناجائز تجاوزات کی بھرمار نے شہریوں کا جینا محال کر کے رکھ دیا

جہلم شہر میں ناجائز تجاوزات کی بھرمار نے شہریوں کا جینا محال کر کے رکھ دیا، دکانداروں نے دکانوں کے آگے پانچ سے سات فٹ تک سٹال لگا کر سڑکوں کو تنگ تاریک گلیوں میں تبدیل کردیا۔ شہریوں نے چیف سیکرٹری بلدیات اور ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب جہلم سے نوٹس لینے کامطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر کی سڑکوں، بازاروں میں جائز تجاوزات کے باعث شہریوں کی زندگیاں اجیرن ہو کر رہ گئیں ہیں۔ دکانداروں نے اپنی دکانوں کے آگے پانچ سے سات فٹ تک سٹالز لگا کر سڑکوں کو تنگ کررکھا ہے اور رہی سہی کسر لوڈر رکشوں، ریڑھی بانوں نے نکال دی ہے ، خریداری کے لئے شہریوں کا پیدل چلنا بھی محال ہو کررہ گیا ہے۔
جہلم شہرکی سڑکوں جن میں ریلوے روڈ، تحصیل روڈ،سول لائن روڈ، محمدی چوک روڈ، ٹاہلیانوالہ روڈ، بابا جادہ روڈ سمیت اندرون شہر کے بازاروں میں ناجائز تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے۔ ضلعی انتظامیہ، میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران نے آنکھوں پر نوٹوں کی پٹی باندھ کر خاموشی اختیار کررکھی ہے جس کیوجہ سے ناجائز تجاوزات میں روز بروز اضافہ ہورہاہے۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا صاف ستھرا پنجاب مہم بھی کاغذی کارروائیوں تک دب کر رہ گئی ہے۔
شہریوں نے وزیراعلی پنجاب ،کمشنرراولپنڈی،ڈپٹی کمشنر اور ڈی ایس پی ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے پر سختی سے نوٹس لیا جائے اور جائز تجاوزات مافیا کے خلاف ایکشن لیا جائے تاکہ شہری آرام سے خریداری کرسکیں ۔



