پتنگ فروشی میں ملوث ملزم گرفتار، سینکڑوں پتنگیں اور دھاتی ڈوریں برآمد

پنڈدادنخان: پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے پتنگ فروشی کے مقدمے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم پولیس نے پتنگ فروشی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان اور ان کی ٹیم نے پتنگ فروش کو حراست میں لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 800 سے زائد پتنگیں اور 50 عدد قاتل دھاتی ڈوریں برآمد کی گئی ہیں، جو انسانی جانوں کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔ ملزم کے خلاف تھانہ پنڈدادنخان میں مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے اس موقع پر واضح کیا کہ پتنگ فروشی ایک مہلک کھیل ہے اور تفریح کے نام پر عوام الناس کی جانوں سے کھیلنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پتنگ فروشوں اور قاتل ڈور بنانے و فروخت کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔



