حکومت عوام کو اپنی چھت فراہم کرنے اور بنیادی سہولیات کی دستیابی کیلئے خطیر فنڈز خرچ کر رہی ہے، نور الامین مینگل

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب کے فلاحی مشن “اپنی زمین اپنا گھر” اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے صوبائی حکومت متحرک ہے۔
اسی سلسلے میں صوبائی سیکرٹری ہاؤسنگ نور الامین مینگل نے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کے ہمراہ ضلع جہلم کے اہم ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران صوبائی سیکرٹری ہاؤسنگ نے “اپنی زمین اپنا گھر” (AZAG) منصوبے کی پروجیکٹ سائٹ پر تعمیراتی معیار، الاٹیز کے لیے فراہم کردہ انفراسٹرکچر اور سہولیات کا معائنہ کیا۔
انہوں نے منصوبے میں شفافیت، معیار اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کام میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے۔
اس موقع پر صوبائی سیکرٹری نے واسا کے زیرِ نگرانی واٹر سپلائی اور سیوریج کی مختلف اسکیموں کا بھی جائزہ لیا اور شہر میں نکاسیٔ آب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری سہولیات کی بہتری حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔
صوبائی سیکرٹری نور الامین مینگل نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور ڈپٹی کمشنر جہلم کی ہدایات کے مطابق تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو اپنی چھت فراہم کرنے اور بنیادی سہولیات کی دستیابی کے لیے خطیر فنڈز خرچ کر رہی ہے، جن میں شفافیت اور اعلیٰ تعمیراتی معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔



