جہلم جیل میں قیدی سے ملاقات کیلئے آنے والے شخص سے منشیات برآمد

جہلم جیل میں قیدی سے ملاقات کیلئے آنے والے شخص کی جیب سے چرس برآمد کر لی گئی، جیل حکام نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز جہلم کے علاقہ بگا کا رہائشی منصور کیانی ولد حشمت خان ڈسٹرکٹ جیل جہلم میں قید حوالاتی قاسم حسین سے ملاقات کیلئے آیا تو مین گیٹ پر جسمانی تلاشی کے دوران منصور کیانی کی جیب سے چرس برآمد ہوئی جس پر جیل حکام نےملزم کو موقع سے گرفتار کر لیا۔
اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل جہلم نے تھانہ سول لائن جہلم کو ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دے دی۔
اس حوالے سے سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل جہلم حسن مجتبیٰ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ جیل جہلم میں آنے والے تمام ملاقاتیوں کی مکمل تلاشی لی جاتی ہے، جیل میں تمام قیدیوں کو حکومت کی طرف سے دی جانے والی سہولیات بلاتفریق مہیا کی جارہی ہے۔



