ڈومیلی کے علاقے نکہ چوہدریاں میں سجا بیل کراہ کا میلہ، 35 سے زائد بیلوں کی جوڑیوں کی شرکت

سوہاوہ کی یونین کونسل ڈومیلی کے علاقے نکہ چوہدریاں میں روایتی بیل کراہ کا شاندار میلہ منعقد ہوا، جس میں ضلع جہلم سمیت مختلف اضلاع سے 35 سے زائد بیلوں کی جوڑیوں نے شرکت کی۔

اس رنگارنگ میلے کا اہتمام چوہدری امین جٹ اور ملک اسلم اعوان نے کیا۔ میلے کے مہمانِ خصوصی سابق ایم پی اے چوہدری ندیم خادم، ڈاکٹر فضل الحق فضلی، معروف وکلا چوہدری تصدق جاوید ایڈووکیٹ، راجہ سہیل شفیق ایڈووکیٹ اور سماجی شخصیت مرزا جمشید اشرف تھے۔ دیگر نمایاں مہمانوں میں چوہدری عثمان مانی، چوہدری عاشق حسین (سابق چیئرمین یوسی کوہالی)، راجہ عامر شہزاد، راجہ خرم نثار ایڈووکیٹ اور مشتاق بھٹی شامل تھے۔

بیلوں کو خوبصورتی سے سجا کر دلہن کی مانند تیار کیا گیا، جو روایتی انداز میں میدان میں لائے گئے۔ بیلوں کے چکر مکمل کرنے پر بزرگوں اور نوجوانوں نے بھنگڑے ڈالے، جس سے ماحول مزید پرجوش ہو گیا۔ میلہ دیکھنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد امڈ آئی جبکہ کھانے پینے اور کھلونوں کے رنگ برنگے اسٹالز نے بھی عوام کی دلچسپی میں اضافہ کیا۔

تقریب کے دوران شرکاء نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے ثقافتی میلوں کا انعقاد نہایت خوش آئند ہے، کیونکہ یہ ہماری تہذیب و تمدن کو زندہ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بیل کراہ جیسے میلے کا اہتمام آسان کام نہیں، اس میں بڑی محنت، وسائل اور تنظیم درکار ہوتی ہے۔ اگر حکومت ضلعی اور تحصیل سطح پر ثقافتی میلوں کو فروغ دے تو نہ صرف دیہی ثقافت کو تقویت ملے گی بلکہ نوجوان نسل کو بھی اپنی روایات سے آگاہی حاصل ہوگی۔

شرکاء نے منتظمین کو کامیاب میلہ سجانے پر خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے روایتی میلے منعقد کیے جائیں گے جو نہ صرف تفریح کا ذریعہ ہیں بلکہ ہماری ثقافتی شناخت کے امین بھی ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button