رنگ دارشا پنگ بیگز اور نیلے ڈرموں میں دودھ اور دہی کی سپلائی جاری، فوڈ اتھارٹی خاموش

جہلم: رنگ دارشا پنگ بیگز اور نیلے ڈرموں کا استعمال کر کے دودھ اور دہی کی سپلائی جاری ، پنجاب فوڈ اتھارٹی خاموش تماشائی، شہر اور گردو نواح میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مبینہ غفلت و لاپرواہی کی وجہ سے نیلے ڈرموں اور رنگ دار شاپنگ بیگز کا استعمال جاری ہے۔ شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر سمیت چاروں تحصیلوں میں نیلے ڈرموں اور پلاسٹک بیگز میں دودھ، دہی ، کھانے پینے کی گرم اشیاء کے استعمال سے کینسر، دمہ، ٹی بی، پیپاٹائٹس جیسے موذی امراض کا باعث بن رہے ہیں۔
حکومت نے رنگدار شاپنگ بیگز اور نیلے ڈرموں کے استعمال پر پابندی عائد کر رکھی ہے لیکن اس کے باوجود شہر اور نواحی علاقوں میں نیلے ڈرموں میں دودھ ڈال کر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں و دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے مقامی دکانوں میں لے جا کر فروخت کیا جارہا ہے۔
سفید اور رنگ دار شا پنگ بیگز گرم دودھ، سالن، روٹیوں کیلئے استعمال میں لائے جارہے ہیں لیکن متعلقہ محکموں کے ذمہ دار قانون شکن دکانداروں کے خلاف کارروائیاں کرنے کی بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔
شہری تنظیموں کے عمائدین نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سمیت اعلی حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔



