ضلع جہلم میں دریا، ندی نالوں اور ڈیمز میں نہانے اور بوٹنگ پر پابندی عائد

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس نے انسانی جانوں کے تحفظ اور حادثات کی روک تھام کے پیش نظر دریائے جہلم، ندی نالوں، ڈیمز، تالابوں اور دیگر آبی گذرگاہوں میں نہانے اور بوٹنگ پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس سلسلے میں دفعہ 144 کا نفاذ 2 ستمبر سے عمل میں آ گیا ہے، جو یکم اکتوبر تک جاری رہے گا۔
انتظامیہ کے مطابق پابندی کا مقصد انسانی جانوں اور املاک کی حفاظت ہے۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ریسکیو 1122 حکام نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے، جس میں نہانا یا بوٹنگ کرنا جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ معمولی غفلت بھی ڈوبنے جیسے سانحات کو جنم دے سکتی ہے۔
عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر کے اس اقدام کو سراہا ہے تاہم شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پابندی سے متعلق زیادہ سے زیادہ تشہیر کی جائے تاکہ دور دراز علاقوں کے لوگ بھی اس فیصلے سے بروقت آگاہ ہو سکیں اور کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔



