اوورسیز پاکستانی کے گھر ڈکیتی کے دوران لڑکی کو زخمی کرنے والے ڈکیت گینگ کے 3 کارندے گرفتار

جہلم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیت گینگ کے 3کارندے گرفتار کر لئے، ملزمان کے قبضے سے 20لاکھ روپے نقدی، اسلحہ اور موبائل فون برآمد کر لیا گیا، مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں تھانہ پنڈدادنخان پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے خطرناک بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کے تین کارندے نذر عباس، ساجد عرف ساجو اور عبدالرحمٰن کو گرفتار کر کے مال مسروقہ 20 لاکھ روپے نقدی، اسلحہ اور موبائل فون برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان انتہائی شاطر اور خطرناک ہیں، 16 سے زائد ڈکیتی کے مقدمات مختلف تھانوں میں درج ہیں۔ ڈکیت ملزمان نے گزشتہ ماہ اوورسیز پاکستانی کے گھر دوران ڈکیتی لڑکی کو زخمی بھی کیا تھا۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری اور مزید برآمدگیاں متوقع ہیں۔



