جہلم سمیت پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا آغاز ہو گیا

جہلم سمیت پنجاب بھر کے اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات کا آغاز ہو گیا، تعلیمی ادارے 15 اگست کو دوبارہ کھلیں گے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم سمیت پنجاب بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ تعطیلات کا اعلان حکومت پنجاب کی جانب سے گرمی کی شدت کے باعث کیا گیا، جسے اساتذہ، والدین اور طلبا نے خوش آئند قرار دیا ہے۔

اسکولوں میں چھٹیوں سے قبل آخری روز طلباء نے خوشی و مسرت کے جذبات کے ساتھ ایک دوسرے کو گلے لگا کر الوداع کہا۔ بچوں کا کہنا تھا کہ تعطیلات کا بے حد انتظار تھا، اب وہ سکون سے سیرو تفریح، کھیل کود اور عزیز و اقارب سے ملاقاتیں کریں گے۔ بیشتر طلبا نے کہا کہ وہ چھٹیوں کا ہوم ورک جلد مکمل کر کے گرمیوں کا بھرپور لطف اٹھائیں گے۔

اساتذہ کا کہنا تھا کہ رواں سال گرمی کی شدت معمول سے زیادہ ہے، اس لیے حکومت کا بروقت فیصلہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعطیلات سے نہ صرف طلبا بلکہ تدریسی عملے کو بھی راحت ملے گی، جس کے بعد تعلیمی عمل مزید بہتری کے ساتھ دوبارہ شروع کیا جا سکے گا۔

واضح رہے کہ تمام اسکول 15 اگست 2025 کو دوبارہ کھلیں گے اور تعلیمی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ ضلعی تعلیمی افسران نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کو تعطیلات کے دوران تعلیمی سرگرمیوں سے بھی جزوی طور پر جوڑے رکھیں تاکہ ان کا تعلیمی تسلسل متاثر نہ ہو۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button