کمرشل عمارتوں کی منظوری میں شفافیت اور متعلقہ محکموں کا فیڈ بیک ضروری ہے، ثانیہ صفی

جہلم: کمرشل عمارتوں کی منظوری کے عمل میں تمام متعلقہ محکموں کا فیڈ بیک ضروری ہے تاکہ تعمیرات کے بعد پیدا ہونے والے نکاسی آب، ٹریفک پارکنگ، ہنگامی صورتحال اور ماحولیاتی آلودگی جیسے مسائل سے بروقت نمٹا جا سکے۔
یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جہلم ثانیہ صفی نے ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کے اجلاس میں کہی۔ اجلاس میں میونسپل کمیٹی کی پلاننگ برانچ، ضلع کونسل جہلم اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران 35 کنورژن کیس منظوری کے لیے پیش کیے گئے۔ تمام قانونی تقاضے پورا کرنے والی درخواستوں کی منظوری دے دی گئی جبکہ دیگر درخواست دہندگان کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی دستاویزات مکمل کریں تاکہ انہیں اگلے اجلاس میں زیر غور لایا جا سکے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ثانیہ صفی نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمرشل عمارتوں کی منصوبہ بندی میں تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھا جانا ضروری ہے تاکہ شہریوں کو بعد میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرتے ہوئے صرف انہی درخواستوں کو منظور کیا جائے گا جو تمام قانونی شرائط پر پورا اتریں گی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ تمام درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیں اور منظوری کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس کے دوران مختلف کیسز پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور مستقبل میں منصوبہ بندی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔



