جہلم میں آوارہ گردی اور مشتبہ سرگرمیوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن، 15 افراد گرفتار

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر، آوارہ گردی اور امن عامہ میں خلل ڈالنے والے افراد کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف تھانوں کی پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 15 افراد کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سول لائنز اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کیا جو عوامی مقامات پر بغیر کسی معقول وجہ کے مشتبہ سرگرمیوں میں مصروف پائے گئے۔

اسی طرح ایس ایچ او تھانہ سٹی اور پولیس ٹیم نے الگ الگ کارروائیوں کے دوران 9 افراد کو حراست میں لیا۔ گرفتار ملزمان میں 3 اور 6 افراد کے دو مختلف گروپ شامل ہیں جو عوامی مقامات پر آوارہ گردی اور مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ مختلف علاقوں میں نگرانی اور گشت کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مقامات پر ہلڑ بازی، آوارہ گردی، مشتبہ نقل و حرکت اور امن عامہ میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

پولیس نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد مشتبہ سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص یا واقعہ کی فوری اطلاع قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button