ضلع جہلم میں عید کے موقع پر فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی، ڈی پی او شفیق احمد چوہدری

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کی زیرِ نگرانی ڈی پی او آفس میں عیدالفطر کی آمد اور انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایس پی انویسٹیگیشن، ڈی ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ضلع بھر کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران ضلع بھر میں عید کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے، شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور بازاروں و اہم مقامات پر سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈی پی او جہلم نے ہدایت کی کہ عید کے موقع پر بازاروں، شاپنگ سینٹرز، مساجد، عیدگاہوں اور دیگر عوامی مقامات پر پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے اور نفری کی مؤثر تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔
میٹنگ میں یومِ قدس کے موقع پر نکلنے والی ریلیوں کے سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں بھی افسران کو خصوصی بریفنگ دی گئی اور ہدایت کی گئی کہ ریلیوں کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔
ڈی پی او جہلم نے ضلع میں موجود غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے بھی خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فارن نیشنلز کی حفاظت کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور اس حوالے سے جاری ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ عید کی خریداری کے باعث بڑھتی ہوئی عوامی سرگرمیوں کے پیش نظر ٹریفک پولیس ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کرے جبکہ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں عید کے دنوں میں پولیس کی ڈیوٹی، ناکہ بندی، پٹرولنگ اور دیگر سیکیورٹی اقدامات کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی اور افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سیکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔



