موسم برسات میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے سے ڈینگی مچھر کی افزائش کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: برسات کے موسم میں ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے متعلقہ اداروں کو ڈینگی لاروا کی تلاش اور حفاظتی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے یہ ہدایات ڈینگی کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ انہوں نے کہا کہ موسم برسات میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے سے ڈینگی مچھر کی افزائش کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے لاروا کی بروقت تلاش اور تلفی ناگزیر ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ملحقہ اضلاع میں ڈینگی مریضوں کی تعداد پر بھی کڑی نظر رکھی جائے تاکہ فوری ردعمل ممکن ہو۔
اجلاس کے دوران محکمہ صحت کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک ضلع جہلم میں ڈینگی کے کسی کیس کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر ڈینگی لاروا کی تلاش میں مصروف ہیں اور ان کی رپورٹس باقاعدگی سے اعلیٰ حکام کو ارسال کی جا رہی ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ضلع بھر میں مشکوک مقامات کی روزانہ چیکنگ کی جا رہی ہے جہاں پانی جمع ہونے کا امکان ہوتا ہے۔ ساتھ ہی شہریوں کو بھی مسلسل آگاہی فراہم کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول میں پانی جمع نہ ہونے دیں۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے محکمہ صحت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا فوکس بیماری کے پھیلاؤ سے پہلے ہی اس کی روک تھام ہے، کیونکہ اگر ڈینگی پھیل جائے تو اس کو کنٹرول کرنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے۔ اس لیے حفاظتی اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام اداروں کو چوکس اور فعال رہنا ہوگا۔



