کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیری عوام کے ساتھ دل و جان سے کھڑے ہیں، ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری

جہلم: ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیر محض زمین کا ایک ٹکڑا نہیں بلکہ پاکستان کی شہ رگ ہے، اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم انسانی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہیں۔ مظلوم اور نہتے کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کے اظہار کے لیے یومِ یکجہتی کشمیر 5 فروری کو پورے جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔
اپنے بیان میں جماعتِ اسلامی ضلع جہلم کے امیر ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم بچوں، بے گناہ نوجوانوں اور نہتی خواتین پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے فولاد کی طرح مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بندوق کے زور پر کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبانا چاہتا ہے، مگر حق کی آواز کو کبھی خاموش نہیں کیا جا سکتا، اور کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ دل، جان اور ایمان سے کھڑے ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری اپنی خاموشی توڑے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ اپنی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد کرائے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی اور جائز حق، حقِ خودارادیت، فراہم کیا جائے۔
انہوں نے ضلع جہلم کے تمام مکاتبِ فکر، سماجی، فلاحی، کاروباری، صحافتی تنظیموں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر کی ریلیوں اور تقریبات میں بھرپور شرکت کریں اور کشمیری عوام کے ساتھ عملی یکجہتی کا اظہار کریں۔
ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری نے کہا کہ کشمیری شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور کشمیر کی آزادی تک ہر فورم پر مظلوم کشمیریوں کی آواز بلند کرنا ہماری قومی اور دینی ذمہ داری ہے، اور یہ جدوجہد آزادی کے حصول تک جاری رہے گی۔



