امن و امان کے قیام کیلئے ضلع جہلم میں پولیس کے سپیشل سرچ آپریشنز، 383 افراد 158 گھروں کی چیکنگ

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔
ضلع بھر میں 14 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کرتے ہوئے 383 افراد اور 158 گھروں کو چیک کیا گیا۔ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے یہ کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
دوران سرچ آپریشن شہریوں کی پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے ویری فکیشن کی گئی جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندی کر کے گاڑیوں اور افراد کی چیکنگ بھی کی گئی۔ اس دوران مجرمان اشتہاریوں، جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کی گرفتاریوں کے لیے بھی کارروائیاں کی گئیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کا مقصد ضلع میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا، دہشت گرد عناصر کی نقل و حرکت کی روک تھام اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔



