جہلم میں ممتاز قانون دان سید محمد اقبال بخاری ایڈووکیٹ انتقال کر گئے

جہلم پریس کلب کے سابق جنرل سیکرٹری اور سینئر صحافی سید مستفیض اقبال، سید تنویر اقبال اور سید مستنیر اقبال کے والد ممتاز قانون دان سید محمد اقبال بخاری ایڈووکیٹ گزشتہ روز قضائے الٰہی سے وفات پا گئے۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی علاقے کھرالہ میں شام ساڑھے پانچ بجے ادا کی گئی، جس میں سماجی، رفاہی، فلاحی، مذہبی، صحافتی اور وکلا برادری سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
مرحوم سید محمد اقبال بخاری ایڈووکیٹ اپنی شرافت، دیانت داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے باعث حلقہ احباب میں انتہائی قدر و منزلت رکھتے تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی قانون کی بالادستی، حق گوئی اور انصاف کی فراہمی کے لیے وقف کر رکھی تھی۔
ان کی شخصیت وکلا برادری کے ساتھ ساتھ صحافتی اور سماجی حلقوں کے لیے بھی ایک روشن مثال تھی۔ ان کے اخلاق، بردباری اور خلوص نے بے شمار لوگوں کو متاثر کیا اور ان کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پُر نہ ہو سکے گا۔
اہلِ علاقہ اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے مرحوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک باوقار، نیک سیرت اور ملنسار انسان قرار دیا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ آمین۔



