ضلع جہلم میں یومِ پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا گیا

جہلم: یومِ پاکستان کے تاریخی موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ڈی سی آفس جہلم میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی اور ایس پی انویسٹی گیشن سکندر گوندل نے مشترکہ طور پر قومی پرچم لہرایا۔

تقریب میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، پولیس حکام، سول ڈیفنس جہلم اور ریسکیو 1122 کے دستوں نے بھرپور شرکت کی۔ پرچم کشائی کے بعد سول ڈیفنس آفیسر محمد بوٹا کی زیرِ نگرانی سول ڈیفنس، پولیس اور ریسکیو 1122 کے چاک و چوبند دستوں نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔

اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور دیگر سرکاری افسران بھی موجود تھے۔ تقریب کا مقصد تحریکِ پاکستان کے شہداء اور بانیانِ پاکستان کی عظیم جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے اپنے خطاب میں کہا کہ 23 مارچ ہمیں اس عہد کی یاد دلاتا ہے جس کے نتیجے میں برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد وطن نصیب ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر جہلم کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ ضلع کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے مشن پر کاربند ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وطنِ عزیز کی ترقی کے لیے انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس سمیت تمام اداروں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ شرکاء نے یومِ پاکستان کی مناسبت سے ایک دوسرے کو مبارکباد بھی پیش کی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button