اسوہ رسول ﷺ پر عمل کر کے ہم ہجوم سے ایک امت اور قوم کی صورت بن سکتے ہیں، امیر عبدالقدیر اعوان

امیر عبدالقدیر اعوان نےکہا کہ موجودہ دور کے چیلنجز کا مقابلہ بحیثیت مجموعی تب ہی ممکن ہے جب ہم اپنی زندگی کو ان اصولوں پر لے آئیں گے جن کی تعلیم آپ ﷺ نے دی ہے اور یہ اقرار بندہ مومن کے دعوی ایمانی کو عمل تک لے جاتا ہے اور اسوہ رسول ﷺ پر عمل امت محمد رسول اللہ کو ایک مقام پر لا کھڑا کرتا ہے۔
امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ نے جکرانڈا فیملی کلب ڈی ایچ اے اسلام آباد میں”خوشگوار زندگی گزارنے کیلئے درپیش چیلنجز” کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی گھریلو زندگی اور معاشرے کی زندگی میں ہمیں اقرار سے لے کر عمل تک کے سفر کو اختیار کرنے کے لیے قلوب کی اصلاح اور ان برکات کا اصول لازم و ملزوم ہے جو سینہ بہ سینہ آرہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے کی گرد اللہ اللہ کی تکرار سے ہی صاف ہوگی، اس طرح حصول رزق کے لیے جو جائز وسائل اختیار کرتا ہے چاہے تھوڑا ہی ملے لیکن اس کا دل مطمئن ہوتا ہے اس لیے زندگی میں خوشی اور اطمینان تب ہوگا جب ہماری زندگی قران و حدیث کے مطابق ہوگی۔ آپ ﷺ کا ارشاد ہے کہ اس جسم گوشت کا ایک لوتھڑا ہے جو درست ہو تو سارا جسم ٹھیک ہوتا ہے اور اگر یہاں قلب میں خرابی ہو تو پھر پورا جسم خراب ہو جاتا ہے۔
امیر عبدالقدیر اعوان نے جکرانڈا کلب ڈی ایچ اے ایکس سروس مین و دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم روز بروز تنزلی کی طرف جا رہے ہیں کیونکہ ہم نے وہ اصول چھوڑ دیے ہیں جن کی وجہ سے ہم نے اقوام عالم میں حکومت کی آج بھی ترقی یافتہ ممالک میں اسلامی اصولوں پر عمل ہو رہا ہے جیسے لندن میں دی عمر لا نافذ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جاپان میں سود کی بجائے شراکت داری پر انویسٹمنٹ ہو رہی ہے، ہم نے سود کو ملک میں عام کر رکھا ہے، کیسے ممکن ہے کہ اس ظلم کے بعد ہم ترقی اور بہتری کی طرف کیسے جا سکتے ہیں۔ ہر وہ شے جو اپنے اصل مقام پر نہ ہو ظلم کہلاتی ہے، ہمارے معاشرے اور ملک میں کون سی ایسی چیز ہے جو اپنی اصل جگہ پر ہے معاشرے میں فرائض اور حقوق ایسے تقسیم ہیں کہ اگر سب اپنے فرائض ادا کریں تو کوئی ایسا نہیں بچے گا جسے اس کا حق نہ ملا ہو۔
آخر میں امیر عبدالقدیر اعوان نے ذکر قلبی کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ وہ نسخہ ہے جو خواب غفلت سے نکال کر بندہ مومن کو حضور حق سے اشنا کر دیتا ہے اور یہ لوگ مسکراتے چہروں سے شہادت دے جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور تلاوت حافظ محمد وقاص نے کی۔ حضرت امیر محمد اکرم اعوانؒ کا نعتیہ کلام رفیع اللہ نے پیش کیا اور اسٹیج سیکرٹری کے فرائض محمد ارشد صاحب مجاز سلسلہ عالیہ اور صدر تنظیم الاخوان راولپنڈی ڈویژن نے سر انجام دیے، ان کے علاوہ ڈاکٹر منیر احمد قائم مقام صاحب مجاز سلسلہ عالیہ اسلام آباد اور جنرل سیکرٹری راولپنڈی طارق چوہدری کے علاوہ ڈی ایچ اے کے احباب نے اپنی خدمات دیں۔



